نجی کمپنی معاہدے کی پاسداری کرے بصورت دیگر معاہدہ منسوخ کیا جاسکتا ہے:سید ناصر حسین شاہ

نجی کمپنی معاہدے کی پاسداری کرے بصورت دیگر معاہدہ منسوخ کیا جاسکتا ہے: وزیر بلدیات سید ناصر شاہ
کراچی: وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں وزیر بلدیات سندھ نے کراچی میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیااورکراچی سمیت دیگر اضلاع میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سخت ہدایات جاری کی۔
اس موقع پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی نے انہیں صفائی آپریشن سے متعلق مکمل بریفنگ دی۔اس موقع پر نجی کمپنیز کے عہدیداران اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ انہوں نے اجلاس کے دوران سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی سی لاڑکانہ، ڈی جی ایس بی سی اے، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ افسران سے ٹیلی فونک رابطے کرکے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر انہوں نے صفائی کی فیس کے الیکٹرک کے ذریعے موصول کرنے کی تجویز مسترد کردی۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے مہنگے ٹیرف سے پریشان عوام پر اضافی بوجھ نہیں ڈال سکتے۔وزیر بلدیات سندھ نے اجلاس میں نجی، کمپنیزکو ہدایت کی کہ وہ صفائی کا معیار بہتر بنانے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے اپنے ریسورسس اور سینٹری ورکرز معاہدے کے مطابق تعینات کرکے معاہدے کی پاسداری کریں بصورت دیگر معاہدہ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز، اداروں کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا مربوط مکینیزم بنائیں اور کنٹونمنٹ بورڈ، ڈی ایچ اے، ٹاؤنز اور یونین کونسلز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔سندھ بلڈنگ کنٹرول ہائی ریز بلڈنگز یا بڑے رہائشی منصوبوں میں ویسٹ اسٹوریج کی گنجائش نہ رکھنے والوں کے نقشے منظور نہ کرے۔آئندہ رہائشی منصوبوں میں گاربیج اسٹوریج کی گنجائش کے علاوہ گرین انرجی کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔.
انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ شہریوں کوآلودگی سے پاک ماحول فراہم کرسکیں۔ صفائی کے لئے پائیدار نظام، ری سائیکلنگ و دیگر اقدامات کے لئے حکمت عملی مرتب دیں۔جبکہ نجی کمپنی کے تمام جائز مسائل حل کیے جائیں گے، اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی کمپنی سے ناجائز ڈیمانڈ یا پیسے طلب کرنے کی شکایات پر متعلقہ افسران و ملازمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اورکارکردگی نہ دکھانے والے افسران و ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی ہوگی۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن ”صاف ستھرا اور سرسبز سندھ” کو سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ حقیقی روپ دینے کیلئے کلیدی کردار ادا کرے۔بعد ازاں وزیر بلدیات نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول کا دورہ کیا اور مانیٹرنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گھوسٹ ملازمین، کام نہ کرنے اور کارکردگی نہ دکھانے والے افسران و ملازمین کی اداروں میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں