میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح کا سرکاری لائبریریوں کا تفصیلی دورہ
کراچی: میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے نیو کراچی کی سرکاری لائبریریوں حکیم احسن لائبریری اور عامر شہید لائبریری کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لائبریریوں کی موجودہ حالت اور سہولتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور مجموعی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
میونسپل کمشنر نے کہا کہ تعلیم اور کتب خانے ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، کیونکہ کسی بھی مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے میں مطالعے کا کلچر بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”لائبریری محض کتابوں کا ذخیرہ نہیں بلکہ علم و شعور کا منبع ہے۔ ہمیں اپنے معاشرے میں لائبریری کلچر کو دوبارہ زندہ کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل مطالعے کی طرف راغب ہو۔
منور حسین ملاح نے اس موقع پر لائبریری میں موجود قاری حضرات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائبریریوں میں اساتذہ، طلبہ اور مختلف علمی ذوق رکھنے والے افراد کے لیے جدید اور معیاری کتب کا دستیاب ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر سال نئی اور تازہ کتب کا اضافہ کیا جائے تاکہ قارئین کو جدید علمی مواد تک رسائی حاصل ہو۔
دورے کے دوران لائبریرین انچارج نے میونسپل کمشنر کو لائبریریوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ وسائل ناکافی ہیں اور بعض ضروری کتب، فرنیچر اور آلات کی کمی ہے۔
میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے کتب خانوں کی ابتر حالت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ قارئین کو وہ بنیادی سہولتیں میسر نہیں جو کسی معیاری لائبریری کا لازمی حصہ ہوتی ہیں۔انہوں نے لائبریریوں کی فوری بہتری، سہولتوں کے اضافے اور مطالعے کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
