ہم نے افغانستان کو بتایا کہ سب کچھ صرف ایک شق پر منحصر ہے: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر میں ہونے والے سیز فائر معاہدے کے دورانیے سے متعلق بیان دیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا سیز فائر معاہدے میں یہ بہت واضح طور پر بیان کیا گیا تھا کہ کوئی دراندازی نہیں ہوگی
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کو افغان سرزمین پر کوئی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا ہم بار بار یہ بات دہراتے رہے اور ظاہر ہے کہ افغانستان اس بات سے انکار کرتا ہے، ترکیہ، قطر نے زور دیا کہ بنیادی تنازع یہ ہےکہ افغانستان کی سرزمین یا سرپرستی ٹی ٹی پی کو پاکستان میں کارروائی کے لیے دستیاب ہے
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے افغانستان کو بتایا کہ سب کچھ صرف ایک شق پر منحصر ہے۔ اس سیز فائر کے لیے کوئی وقت کی حد مقرر نہیں کی گئی، کوئی وقت مقرر نہیں تھا کہ ہم فلاں تاریخ تک دیکھیں گے اور پھر سیز فائر معاہدے کی توسیع کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جب تک نافذ العمل معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوتی ہمارے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ موجود ہے۔
