دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کی توقعات سےکہیں زیادہ سخت جواب دے گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کیلئے گنجائش نہیں ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزمات لگائے گئے، بھارتی جارحیت کے خلاف قوم پہلے سے زیادہ متحد اور یک زبان ہوئی اور افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم اپنی فوج کے ساتھ فولاد کی طرح کھڑی تھی، آپریشن بنیان مرصوص سے قوم کے فوج پر اعتماد مزید مضبوط ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ازلی دشمن کےخلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا گیا، دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس400 سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا، اللہ کےفضل اور قومی عزم کے ساتھ ہم نےمن حیث القوم متحد ہو کر فولادی دیوار کی مانند دشمن کا مقابلہ کیا۔بھارت کاخود ساختہ شواہد پیش کرنا علامت ہےکہ بھارتی حکمران جماعت نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دیا، پاکستان نےعددی طور پر بڑے دشمن کےخلاف اپنی واضح فتح کی بدولت عالمی برادری کا وقار اور داد حاصل کی، نوجوانوں میں یہ اعتماد بھی مضبوط ہوا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا ایک بنیادی ستون ہیں۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں ان شااللہ، ہم اس مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کےحوالے نہیں ہونے دیں گے، خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہر سپاہی، سیلر، فضائیہ کے جوانوں، مرد، خواتین، بچے، بزرگ کو جنہوں نےکٹھن حالات میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، وطن کے دفاع میں شہید ہونے والوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے ،دشمن پاکستانی افواج اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرنا چاہتا ہے، شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کی زندگی گزار رہے ہیں، دشمن اپنے مذموم مقاصد کےلیے ہمارے عوام، مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، جس میں تمام صلاحیتوں کا احاطہ کیا گیا ہے، یہ پیشہ ور فوج روایتی میدان میں بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوا چکی ہیں، دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کی توقعات سےکہیں زیادہ سخت جواب دے گا، جنگ میں ہمارے ہتھیار زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتے ہوئے بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کر دیں گے دشمن کو پہنچائے جانے والےفوجی و اقتصادی نقصانات بھارت کی توقعات سےکہیں زیادہ بڑھ کر ہوں گے، بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتا ہوں نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کے لیے گنجائش نہیں، پاکستان کے ساتھ بنیادی مسائل کوبین الاقوامی اصولوں کے مطابق برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کریں۔
سید عاصم منیر کا کہنا تھا ہم آپ کی بیان بازی سےکبھی خوفزدہ نہیں ہوں گے، کسی بھی قسم کی چھوٹی سی اشتعال انگیزی کا بھی فیصلہ کن جواب دیں گے، آنے والی کشیدگی کی ذمے داری بالآخر پورے خطے، اس سے باہر کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔دنیا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے تشدد کے استعمال جیسے محرکات کی واضح تبدیلی دیکھ رہی ہے، پاکستان خطے میں کامیابی سے نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر ابھرا ہے، عالمی طاقتوں بالخصوص مسلم ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں، پاکستان نے مستقل طور پر خطے اور اس سے باہر امن کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے کا ثبوت دیا ہے، ہماری مسلح افواج دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں بڑی تعداد میں شامل ہوتی ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ حالیہ دفاعی معاہدہ پاکستان سعودی بھائی چارے کو تقویت دیتا ہے، یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی جانب ایک قدم ہے، عوام اور مسلح افواج کے لیے یہ منفرد اعزاز ہےکہ وہ حرمین الشریفین کے دفاع کے لیے اپنی خدمات پیش کر سکیں۔پاکستان نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے پُرامن عمل میں بھی کردار ادا کیا ہے، دیگر تمام مسلم ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔
