سندھ حکومت نے ٹائر جلانے اور پائرو لائسز پلانٹس کے آپریشن پر پابندی عائد کردی

سندھ حکومت نے ٹائر جلانے اور پائرو لائسز پلانٹس کے آپریشن پر پابندی عائد کردی

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ٹائر جلانے اور پائرو لائسز پلانٹس کے آپریشن پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ یہ اہم فیصلہ کل وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ زبیر احمد چنہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سیپا) کی رپورٹ کے مطابق ٹائر جلانے اور ناقص پائرو لائسز پلانٹس سے پیدا ہونے والے دھوئیں اور کیمیکلز سے فضا، مٹی اور پانی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں شہریوں میں سانس، دل اور اعصابی امراض میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ٹائر پائرو لائسز جیسے خطرناک عمل سے کراچی کی فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے تمام پلانٹس فوری طور پر بند کیے جائیں۔

سیکریٹری زبیر چنہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے ’’سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سب اسٹینڈرڈ فیول/ٹائرز کے استعمال کی ممانعت) رولز 2025‘‘ کے نام سے نئے قواعد کا مسودہ تیار کرلیا ہے جس کے تحت سب اسٹینڈرڈ فیولز، ٹائر آئل اور غیرمحفوظ ایندھن کے استعمال، تیاری اور فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ تمام پلانٹس کے لیے لائسنسنگ، ماحولیاتی کنٹرول سسٹم اور اخراج کی حد کے تقاضے لازم قرار دیے جائیں گے جبکہ خلاف ورزی پر پلانٹس کی ضبطی، جرمانہ اور بندش کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ سیکریٹری ماحولیات نے واضح کیا کہ سندھ ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 2014 کے تحت حکومت سندھ کو ایسے اقدامات کا اختیار حاصل ہے اور یہ اقدام پائیدار ترقی، صاف فضا اور محفوظ ماحولیاتی نظام کی جانب ایک عملی پیش رفت ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں