فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نیو کراچی ٹاؤن میں ریلی

فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نیو کراچی ٹاؤن میں ریلی

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی سربراہی میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں نیو کراچی ٹاؤن کے ملازمین، خواتین اساتذہ، بچوں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ریلی کے شرکاء نے فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی مظالم، انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم و ناانصافی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

شرکاء کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر ”فلسطین ہمارا دل ہے“، ”بچوں کا خون انسانیت پر سوال ہے“ اور ”انصاف کے بغیر امن ممکن نہیں“ جیسے نعرے درج تھے۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ فلسطین کی سرزمین پر گزشتہ سات دہائیوں سے ظلم و جبر کی وہ تاریخ لکھی جا رہی ہے جس کی مثال انسانی تہذیب میں نہیں ملتی۔دنیا کے مختلف حصوں سے یہودیوں کو لا کر فلسطین میں بسا دیا گیا اور وہاں ایک نئی ریاست کے قیام کو جواز دیا گیا، نتیجہ یہ نکلا کہ مقامی فلسطینی اپنی ہی زمین پر مظلوم اور بے اختیار بنا دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ کسی قوم کو اس کے وطن سے محروم کر کے وہاں ایک نئی ریاست مسلط کی گئی۔

محمد یوسف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں نہتے فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں جن میں اکثریت معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔ اسکول، اسپتال اور عبادت گاہیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔ انسانی جانوں کی بے قدری، بین الاقوامی ضمیر پر ایک بڑا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اگر واقعی امن چاہتی ہے تو اسے انصاف پر مبنی فیصلے کرنا ہوں گے، کیونکہ امن صرف وہاں قائم ہوتا ہے جہاں انسانیت محفوظ ہو۔

چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ دو ریاستی حل کے جس معاہدے میں ذکر کیا گیا تھا، وہ آج ایک کھوکھلا وعدہ بن چکا ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک اس حل کو عملی طور پر قبول نہیں کرتے کیونکہ فلسطینی عوام خود اس بات پر قائم ہیں کہ ان کا وطن ایک ہے، ان کی سرزمین ناقابلِ تقسیم ہے۔ عالمی برادری نے اگر اب بھی خاموشی اختیار کی تو یہ خاموشی تاریخ کا سب سے بڑا جرم سمجھی جائے گی۔

وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے اپنے کلمات میں کہا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت اور انصاف کا مسئلہ ہے، اسے کسی مذہبی یا سیاسی دائرے میں محدود نہیں کیا جا سکتا۔ ظلم چاہے کہیں بھی ہو، اس کے خلاف آواز اٹھانا ہر انسان کا فرض ہے۔جماعت اسلامی ضلع شمالی کے نائب امیر احمر احمد نے کہا کہ فلسطینی عوام نے جس صبر اور استقامت سے اپنے حق کے لیے قربانیاں دی ہیں، وہ دنیا کے لیے مثال ہیں۔

ظلم کی رات طویل ضرور ہے مگر ختم ہو کر رہے گی۔ریلی کے اختتام پر شہدائے فلسطین کے لیے دعا کی گئی اور عالمی امن کے قیام کے لیے قرارداد منظور کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مظلوم انسانیت کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے اور ہر پلیٹ فارم پر انصاف اور آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں