نیو کراچی ٹاؤن کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے 72لاکھ روپے کے چیک تقسیم
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین اور وفات پا جانے والے ملازمین کے لواحقین میں مجموعی طور پر 72 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔
اس موقع پر ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر،دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین اور متوفی ملازمین کے لواحقین کے فائنانشل اسسٹینس اور لیو ان کیشمنٹ کی مدَمیں 72 لاکھ روپے واجب ادا تھے۔ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے متعلقہ محکمے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دورِ نظامت میں ریٹائرڈ ہونے والے تمام ملازمین کے واجبات شفاف انداز میں ادا کیے جارہے ہیں اور آج تک کسی بھی ملازم کے واجبات روکے نہیں گئے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی ملازم کے واجبات باقی ہیں تو وہ سابق ادوار سے تعلق رکھتے ہیں، موجودہ دور میں واجبات کی ادائیگی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
چیئرمین نے بتایا کہ اس سال ریٹائر ہونے والے ملازمین کو تمام واجبات ادا کر دیے گئے ہیں جبکہ آئندہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کے معاملات پراسس میں ہیں۔
محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے اب تک ڈیڑھ سو سے زائد فائلیں کے ایم سی کو پینشن کی تیاری کے لیے ارسال کی ہیں تاکہ ملازمین کو ان کے قانونی حقوق بروقت مل سکیں۔ ہمارا مقصد ملازمین کو ان کے تمام واجبات فراہم کرنا اور ان کی خدمت کرنا ہے، تاکہ وہ برسوں کی اپنی محنت اور خدمات کے بدلے بہتر نعم البدل حاصل کر سکیں۔ چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے اقدامات جاری رکھے گی۔
