ورکرز ویلفیئر کارڈ کے تحت صنعتی مزدوروں کے لیے بڑے پیمانے پر فلاحی منصوبوں کا اعلان
کراچی: اب ہر محنت کش خوشحال ہوگا۔ سیکریٹری محکمہ محنت رفیقِ قریشی نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت صنعتی مزدوروں کے لیے بڑے پیمانے پر فلاحی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اب کوئی بھی محنت کش پیچھے نہیں رہے گا۔
ورکرز ویلفیئر کارڈ سے محنت کشوں کی زندگی کا نیا روشن باب کھلے گا۔سندھ پہلا صوبہ ہے جس نےپورے ملک کے 270 سے زائد اسپتالوں میں محنت کشوں کے لئے 7 لاکھ روپے تک کی حادثاتی ہیلتھ انشورنس کا اعلان کیا ہے۔ محنت کش ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کی خوشحالی اولین ترجیح ہے۔ جلد 10,000 ای موٹر سائیکلیں صنعتی خواتین اور اقلیتی صنعتی مزدوروں کو دینے جارہے ہیں جو ایک بڑا اور فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ منصوبے سے خواتین اور اقلیتی برادری کے محنت کشوں میں خوشحالی اور ماحول پر بھی مثبت اثرات آئینگے۔ صرف یہی نہیں بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے جلد سلائی میشنوں کی تقسیم بھی شروع کرینگے۔
سیکریٹری محنت رفیق قریشی کہتے ہیں کہ محنت کشوں کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے ورکرز ویلفیئر کارڈ کے بڑے منصوبے پر کام شروع کیا جس سے ان کی پریشانیاں کم ہونگی۔ اب محنت کش لائن میں نہیں لگے گا بلکہ ورکرز ویلفیئر کارڈ کے استعمال سے با آسانی سہولیات حاصل کرسکے گا۔ شادی گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ جیسی سہولیات بھی ورکرز ویلفیئر کارڑ سے باآسانی حاصل ہونگی۔ محنت کشوں کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ جو صنعت مزدور رجسٹر نہیں کریگی سخت کاروائی ہوگی۔ محنت کش طبقہ بھی اپنے حقوق کو سمجھے اور خود کو رجسٹرڈ کروائے۔
