بلاول بھٹو زرداری کا وژن سیلاب متاثرین کے لیے امید کی کرن ہے:شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا ملک بھر کے سیلاب زدگان کے لئے چیئرمین بلاول بھٹو کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا وژن سیلاب متاثرین کے لیے امید کی کرن ہے
شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوام کے دکھ درد کو اپنا سمجھتے ہیں، ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔
سینئر وزیر نے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کے حوالے سے جو مؤقف اپنے ٹویٹ میں پیش کیا، وہ ان کی عوام دوستی اور دور اندیشی کی روشن مثال ہے،بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے، آج بھی ان کی ترجیحات میں سب سے آگے غریب، کسان اور سیلاب سے متاثرہ خاندان ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے مطالبے پر ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا،یہ بلاول بھٹو زرداری کی بصیرت افروز قیادت کا نتیجہ ہے جس نے پورے ملک کی توجہ متاثرین کی طرف مبذول کرائی۔وفاقی حکومت کی جانب سے اب تک بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب زدگان کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان نہ کرنا افسوسناک ہے۔
اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ریلیف پیکج کے لئے بلاول بھٹو زرداری کو ذاتی یقین دہانی کرائی تھی، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے عوام آج بھی اس ریلیف کے منتظر ہیں،چیئرمین بلاول بھٹو نے درست کہا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی امداد کی اپیل میں تاخیر ناقابل فہم ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر فورم پر عوام کی آواز بنے گی، تمام ایوانوں میں قراردادیں پیش کی جائیں گی تاکہ متاثرین کی بحالی کے اقدامات کو قومی ایجنڈا بنایا جا سکے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ دورہ جات میں وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب اور سندھ کے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔دوروں کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیر اعلٰیٰ سندھ اور صوبائی وزیر زراعت سے ملاقاتیں کیں تاکہ کسانوں کی بحالی کے لیے عملی منصوبہ بندی کی جا سکے
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ زرعی شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور کسان کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے۔ حکومت سندھ اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور وفاقی حکومت سے بھی بھرپور تعاون کی توقع ہے۔
