چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن جائے وقعہ پر پہنچ گئے، زمین بوس فیکٹری کا جائزہ لیا
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں قائم گارمینٹس فیکٹری میں صبح سویرے آتشگی کا واقعہ رونما ہوا،متاثرہ فیکٹری کے گراؤنڈ فلور پر لگنے والی آگ نے تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا گراؤنڈ فلور پر موجود کپڑے اور کیمیکل کی وجہ سے آگ بے قابو ہوگئی جس کی وجہ سے اطراف میں موجود دھاگہ بنانے والی فیکٹری بھی متاثر ہوئی۔ریسکیو و فائر بریگیڈکا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف اور مونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ ہنگامی طور پر جائے وقوعہ پہنچے۔ دونوں رہنماؤں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور فائر بریگیڈ سمیت انتظامی اداروں کو تیز رفتاری سے کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ مونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ نے بھی یقین دلایا کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور آگ کے ممکنہ اسباب کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔علاقے کے شہریوں نے دونوں رہنماؤں کی بروقت آمد کو سراہا اور کہا کہ ان کی موجودگی نے متاثرہ ملازمین اور عملے کے حوصلے بلند کیے۔
