کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری
کراچی(رپورٹ: میر علی اکبر) کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے چلنے والی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے۔
صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ فیصل، ڈیفنس، قیوم آباد، کورنگی روڈ، برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، محمود آباد، منظور کالونی اور بلوچ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسے۔
بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں اگلے دو روز تک گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مون سون کا طوفانی اسپیل جاری ہے۔ حیدر آباد، سجاول، ٹھٹھہ، سکھر، اوباڑو، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو اور نوشہرو فیروز سمیت مختلف شہروں میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 10 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور اور شہید بے نظیر آباد سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
