سندھ میں 16 لاکھ 38 ہزار 491 کی آبادی متاثر ہونے کا خدشہ
کراچی: سندھ بھر میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے مختلف ڈویژنوں اور اضلاع کی 44 تعلقوں کی 167 یونین کونسلوں کے 1651 دیہات متاثر ہوسکتے ہیں جن میں مجموعی طور پر 16 لاکھ 38 ہزار 491 کی آبادی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران مختلف اضلاع سے 5 ہزار 830 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 33 ہزار 887 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
صوبے بھر میں 528 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے مجموعی طور پر 158 میڈیکل کیمپس (موبائل و فکسڈ) قائم کیے گئے ہیں جہاں 5 ہزار 570 مریضوں کا صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں علاج کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 45 ہزار 146 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں۔
لائیو اسٹاک کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں 380,363 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جاچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 59 ہزار 148 اور مجموعی طور پر 9 لاکھ 37 ہزار 944 مویشیوں کو ویکسین و علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ محکمہ اطلاعات سندھ نے واضح کیا ہے کہ سیلاب کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ادارے مسلسل متحرک ہیں۔
حکومت سندھ کی ہدایت پر ہر ضلع میں ریلیف اور میڈیکل کیمپس فعال ہیں اور عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر قریبی ریلیف کیمپ یا کنٹرول روم کے نمبرز 021-99222967، 99222902، 99222758، 99222759 پر رابطہ کریں۔
