پاک فضائیہ نے’’بنیان المرصوص‘‘ میں دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا ہے: صدر مملکت
صدرِ مملکت کا یومِ فضائیہ پر پاک فضائیہ کے شہداء، غازیوں اور تمام جوانوں کو خراجِ تحسین پیش
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے یومِ فضائیہ کے موقع پر قوم کی جانب سے پاک فضائیہ کے شہداء، غازیوں اور تمام جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا۔
صدر مملکت نے 1965 کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس تاریخی معرکے میں شجاعت اور بہادری کی ایسی داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف جنگ کے دوران بلکہ ہر مشکل وقت میں پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکۂ حق، ’’بنیان المرصوص‘‘ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے دنیا کو حیران کیا ہے اور اس کی جدید صلاحیتیں ملکی دفاع کی مضبوط ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک کی فضائی حدود اور قومی سالمیت کا بھرپور دفاع کیا ہے، جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔
