سندھ حکومت سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے:شرجیل انعام

سندھ حکومت سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے:شرجیل انعام

کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں موجود ہے اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔تمام کابینہ ارکان، حکومت سندھ کے نامزد فوکل پرسنز، ارکان صوبائی و قومی اسمبلی فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبے کے 15 اضلاع کی 167 یوسیز سے مجموعی طور پر 128,057 افراد محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 6,288 افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے،حکومت سندھ کے قائم کردہ 154 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ کیمپس میں مجموعی طور پر 39,576 متاثرین کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں انہی کیمپس میں 5,772 افراد کا علاج کیا گیا،مویشیوں کی منتقلی اور ان کی حفاظت کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9,384 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں اور اس طرح اب تک 370,161 مویشی منتقل کیے جا چکے ہیں،پچھلے چوبیس گھنٹوں میں 70,267 مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج کیا گیا، مجموعی طور پر 878,796 مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج مکمل کیا جا چکا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تریموں بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 526,385 کیوسک، پنجند بیراج پر پانی کی آمد و اخراج 489,330 کیوسک رکارڈ ہوا ہے۔گڈو بیراج پر پانی کی آمد 390,704 کیوسک اور اخراج 362,070 کیوسک، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 324,000 کیوسک اور اخراج 280,050 کیوسک رہا،کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 244,283 کیوسک اور اخراج 231,763 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 88 فیصد تک بھر گیا ہے،تربیلا ڈیم کا موجودہ لیول 1550.00 فٹ، منگلا ڈیم کا لیول 1231.00 فٹ، راول ڈیم 1752.00 فٹ اور سملی ڈیم کا لیول 2315.15 فٹ ریکارڈ کیا گیا،گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کا، تریموں، پنجند اور بلوکی پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ راوی سائفن، شاہدرہ، سدھنائی اور سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ گڈو کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، سکھر، کوٹری پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔عوام حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں تاکہ اس قدرتی آفت کا اجتماعی طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں