وزیراعظم شہباز شریف سے فلسطینی وفد کی ملاقات
وزیراعظم سے فلسطینی وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، معاون خصوصی طارق فاطمی اور اسلامی کونسل کے چیئرمین بھی موجود تھے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں منعقدہ سیرت کانفرنس میں شریک فلسطینی صدر کے مشیر برائے مذہبی امور اور شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمود صدیقی الھباش سمیت وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں مسجد اقصیٰ کے امام احمد حسین اور پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی صدر ڈاکٹر محمود عباس کے لیے تہنیتی پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان فلسطین کے برادر عوام کے ساتھ اپنی مکمل اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینی عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور بہادری سے اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہر سفارتی فورم پر فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کا کہ غزہ کے لوگ قابض اسرائیلی افواج کے ہاتھوں انسانی ساختہ قحط کا سامنا کر رہے ہیں اور پاکستان ان کے لیے انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران فلسطینی صدر کے مشیر نے پاکستانی عوام اور حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں فلسطینی عوام کے لیے تقویت کا باعث ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کو صدر محمود عباس کا خط بھی پیش کیا۔
