چیئرمین جناح ٹاؤن نے امیر جماعت اسلامی کراچی کے ہمراہ روڈ کی ازسرِنو تعمیر کے بعد افتتاح کردیا
کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسميع نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کے ہمراہ یوسی 8 میں فیضانِ مشتاق مسجد روڈ کی ازسرِنو تعمیر کے بعد افتتاح کیا۔ اس موقع پر یوسی چیئرمین جنید مکاتی سمیت اہلِ محلہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جہاں اہل محلہ نے چیئرمین جناح ٹاؤن کو اجرک پیش کرکے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ فیضانِ مشتاق مسجد روڈ کو جدید طرزِ تعمیر کے تحت پیور بلاکس سے مزین کیا گیا ہے، جس میں معیار اور پائیداری کو اولین ترجیح دی گئی تاکہ عوام کو دیرپا سہولت میسر آسکے۔ عوام نے کہا کہ برسوں سے خستہ حال سڑک کے باعث آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا، مگر اب اس منصوبے کی تکمیل سے زندگی میں آسانی پیدا ہوگئی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسميع نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک سڑک کی تعمیر نہیں بلکہ عوامی سہولت اور معیارِ زندگی کی بہتری کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ جناح ٹاؤن کے ہر علاقے میں یکساں ترقیاتی سہولیات پہنچیں۔ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور جلد ہی ٹاؤن کی تمام یوسیز میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکس کی تزئین و آرائش، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور دیگر بلدیاتی امور بھی تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو ایک صاف، روشن اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کیا جائے۔ یہ سب کام شفافیت، معیار اور تسلسل کے ساتھ کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری حقیقی معنوں میں بلدیاتی سہولتوں سے مستفید ہوسکیں۔ چیئرمین نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی منصوبہ مکمل کامیاب نہیں ہوسکتا، اس لیے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے علاقے کی دیکھ بھال میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
