منگھوپیر ٹاؤن چیئرمین کی زیر صدارت 12 ربیع اول کے حوالے سے اجلاس
کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں آج ایک نہایت اہم اجلاس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس کا مرکزی ایجنڈا ربیع الاول کے بابرکت مہینے اور خصوصاً ۱۲ ربیع الاول کے موقع پر منعقد ہونے والی ریلیوں اور میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات کے انتظامات کا جامع جائزہ لینا تھا۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد حضور اکرم ﷺ کی شانِ اقدس میں عقیدت و محبت سے لبریز نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اس روحانی ماحول نے اجلاس کو ایک پرنور اور ایمان افروز فضا بخشی۔
اس اجلاس میں وائس چیئرمین رانا محمد عارف، کونسل کے معزز اراکین، میںونسپل کمشنر آغا خلیق، دعوتِ اسلامی کے علماء اکرام اور مختلف سرکاری اداروں کے اعلیٰ نمائندے شریک ہوئے۔ اداروں میں سندھ پولیس، رینجرز، ٹریفک پولیس، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، محکمہ صحت اور ریسکیو سروسز شامل تھے۔ اس وسیع البنیاد شرکت نے اجلاس کو ایک ہمہ گیر اور تاریخی حیثیت دی۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ربیع الاول کا مہینہ ہم سب کے لیے عقیدت، محبت اور ایمان کی تجدید کا موقع ہے۔ یہ وہ دن ہیں جب کائنات کے سب سے بڑے محسن، خاتم النبیین ﷺ کی ولادت کی خوشیاں منائی جاتی ہیں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ امن و سکون کے ساتھ میلاد منائیں اور عشقِ رسول ﷺ کے رنگوں میں رنگ جائیں۔”
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے واضح ہدایات دیں کہ جلوس کے تمام راستوں کی خصوصی صفائی ستھرائی کی جائے، کچرا فوری طور پر اٹھایا جائے اور راستوں پر چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور روشنیاں بڑھانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ رات کے وقت بھی روشنی کا بھرپور انتظام ہو۔ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی گئی کہ بارش یا سیوریج کے پانی کی نکاسی کے تمام مسائل ۱۲ ربیع الاول سے قبل حل کر دیے جائیں۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو متبادل پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ جلوس کے دن شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور رینجرز و پولیس کو تاکید کی کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔ جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ "یہ دن ہمارے دلوں کی دھڑکن ہے۔ ۱۲ ربیع الاول کا جشن صرف ایک تقریب نہیں بلکہ یہ ایمان کی تجدید، عشقِ رسول ﷺ کی علامت اور بھائی چارے کا مظہر ہے۔ ہم سب مل کر اس دن کو ایسا یادگار بنائیں گے کہ آنے والی نسلیں بھی اس کی مثال دیں۔”
