حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے انفارمیشن وِنگ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سینئر وزیر سندھ اور انفارمیشن سیکریٹری شرجیل انعام میمن نے کی۔
اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں میں اپنی روایات کو آگے بڑھا رہی ہے اور سندھ کے ہر ضلع میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں صوبہ بھر میں NICVD کا نیٹ ورک قائم ہے جہاں دل کے تمام علاج مفت فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ مہنگے ترین سائبر نائف علاج بھی حکومت کی جانب سے بالکل مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ جے پی ایم سی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں جدید سہولیات عوام کو عالمی معیار کا علاج فراہم کرنے کے لیے دی گئی ہیں۔
تعلیم کے شعبے میں نئے اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز قائم کی جا رہی ہیں جبکہ موجودہ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پیپلز بس سروس، پنک بس سروس اور الیکٹرک بسیں عوام کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات دے رہی ہیں۔ توانائی کے شعبے میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے اور تھر کول پراجیکٹ سندھ کی ترقی کے ضامن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے دوران سندھ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد، خیمے، خوراک اور علاج فراہم کیا۔ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے ذریعے 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ دو لاکھ سے زائد خاندانوں کو سولر سسٹم بھی دیا جا چکا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام اقدامات شفافیت اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں ایم این اے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن ایک خاندان ہیں اور ان کا پیغام دلیل اور شائستگی پر مبنی ہونا چاہیے۔ اجلاس میں ایم این اے شرمیلا فاروقی، سینیٹر ندیم بھٹو، سیف قریشی،علی ایوب، حکومت سندھ کے ترجمان سمعتا افضال سید، سعدیہ جاوید، بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈویژن و ضلعی انفارمیشن سیکریٹریز نے شرکت کی۔
