پاکستان اور جزیرہ نما ملک مائکرونیشیا کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم
پاکستان نے مغربی بحرالکاہل میں واقع جزیرہ نما ملک مائکرونیشیا کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کر لیے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور مائکرونیشیا کے سفیر جیم ایس۔ لپوے نے نیویارک میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے
یہ اہم تقریب پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ میں منعقد ہوئی جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو باضابطہ شکل دے دی گئی۔
تقریب میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ سفارتکار شریک تھے۔ پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سفیر عاصم افتخار نے اس موقع پر کہا کہ یہ تعلقات پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر قائم ہونا خوش آئند ہے، اور یہ باہمی تعاون کے کئی نئے دروازے کھولیں گے
عاصم افتخار نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان، مائکرونیشیا کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا 100واں ملک بن گیا ہے۔
مائکرونیشیا کے سفیر جیم ایس۔ لپوے نے اس نئی شراکت داری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے باعث فخر ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ دوستی کا سفر شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی اقوام متحدہ میں حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔
