وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی قیادت میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی قیادت میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز

کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم اس سال جشن آزادی کو بھرپور اور نہایت جذبہ کے ساتھ یکم سے 14 اگست تک منا رہے ہیں کیونکہ اس سال ہم نے معرکہ حق میں بھارت کو ایسی شکست دی ہے، جس نے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بلند کیا ہے۔ اب دنیا کی کوئی طاقت پاکستان پر حملہ آور ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ اللہ کی رضا اور پاکستانی فوج کی ہمت سے بھارت کے نصیب میں ذلت اور پاکستان کے نصیب میں فتح ہوئی۔ اس سال ہم جشن آزادی بھرپور انداز میں منانا ہے اور ساتھ ہی بھارت کے خلاف کامیابی کا بھی جشن منانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کراچی کے تحت پیپلز چورنگی تا مزار قائد نکالی جانے والی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید،کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ریلی میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں، اسکولوں کے طلبہ و طالبات، اسکائوٹس سمیت مختلف این جی اوز کے عہدیداران نے شرکت کی۔ ریلی پیپلز چورنگی سے شروع ہوکر مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ آج سے کراچی سمیت سندھ بھر میں معرکہ حق جشن آزادی کی 14 روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور اس سال صرف سندھ حکومت کے مختلف محکموں کے تحت صوبے بھر میں ہزاروں کی تعداد میں اس طرح کی تقریبات ان 14 دنوں میں منعقد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم ہر سال کی طرح روایتی انداز کی بجائے بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ اپنا 78 واں جشن آزادی منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ اس سال کے جشن آزادی کے 14 روزہ تقریبات میں ملک کا ایک ایک شخص اپنا حصہ ڈالے۔ وزیر اعلٰی سندھ مختلف مکاتب فکر، سیاسی جماعتوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے اس سلسلے میں ملاقاتیں کررہے ہیں اور ان تمام کی جانب سے بھی اس سال جشن آزادی کو بھرپور انداز میں منانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ تمام تقاریب جو سندھ حکومت کے تحت منعقد ہورہی ہیں ان میں صرف پیپلز پارٹی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتیں اس ان تقاریب کا حصہ بنیں اور ہم بھی تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے منعقد ہونے والی تقاریب میں بھرپور شرکت کریں گے کیونکہ یہ تقاریب پاکستان اور پاکستان کی جشن۔ کی تقاریب ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ اس سال ایک ایک گھر، دکان، مارکیٹ، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں سجائی جائیں گی اور اس پر انعامات بھی دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد، سکھر اور کراچی میں تین بڑے میگا ایونٹس بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اس سال تمام کھیلوں کے ٹورنامنٹ منعقد کئے جارہے ہیں۔ہر قسم کی ریلیاں نکالی جائیں گی اور اس شہر اور صوبے کی ایک ایک گلی کوچے، عمارتوں اور گھروں کو سجایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی اورصوبائی حکومتوں نےجشن آزادی منانےکا ایک پلان ترتیب دیا ہے اور تمام اداروں نے ملکر اس جشن آزادی کو کامیاب بنانا یے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس سال کی جشن آزادی میں اس ملک اور صوبے کا ایک ایک شہری کوان تقاریب کو اپنی تقاریب سمجھ کر اسمیں شرکت کرنی چاہئیے۔ اس سال کلچرل۔ثقافتی پروگرام آتش بازی اور مشاعروں کا انعقاد ہوگا، اسپورٹس کےایونٹ ہوں گے، کشیتیوں۔ہیوی بائیکس۔ گدھا گاڑی، رکشہ، سائیکل ریس کے مختلف پروگرام منعقد کیےجارہےہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ ہم اس سال کی تقاریب میں اپنے قومی ہیروز کی تصاویر کو آویزاں کریں گے۔ اس سال پولیس، رینجرز، پاک فوج اور دیگر شہداء کےاہل خانہ سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ 13 اور 14 اگست کی شب کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بہت بڑے کنسرٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ آتش بازی بھی کی جائے گی۔ہم اس سال جشن آزادی کو معرکہ حق کے طور پر منا رہے ہیں۔ کیونکہ جب بھارت نے پاکستان کہ سرزمین پر حملہ کیا تو اسےمنہ توڑ جواب دیا ہے اور یہ احساس صرف ہمارے اندر ہی نہیں بلکہ اچھل اچھل کر باہر بھی آنا چاہیے۔اب بھارت تو کیا دنیا کی کوئی طاقت پاک سرزمین پر اب حملہ کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ ہم اس سال پاکستان کا جشن آزادی اور بھارت کے خلاف کامیابی کا جشن ساتھ ساتھ منائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید نے کہا کہ ہمیں ان مقاصد کو یاد کرنا ہوگا جسکی وجہ سے پاکستان کی آزادی ممکن ہوئی۔ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں پاکستان بننےکی قرارداد منظورکی تھی۔ہمیں اپنی آزادی کا پیغام ملک کےکونےکونےتک پہنچانا ہے۔

انتھونی نوید نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم بابائے قوم کےفلسفہ کو آگے لیکر چلیں گے کیونکہ یہ ہم سب کے لئےضروری ہے۔

کمشنرکراچی حسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس بار 14 اگست جوش وجذبہ سے منارہے ہیں۔ پاکستان نے بھارت سےجنگ جیتی اسی کو دیکھتے ہوئے یہ تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ اس ریلی میں شریک ہوئے اور آج سے 14 اگست تک کی تقریبات کے آغاز کی تقریب کا حصہ بنے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ آج سے ہماری 78 ویں آزادی کی تقریبات کا آغاز ہے۔ آج پوری قوم متحد یےجسکا نتیجہ دنیا نےدیکھا کہ ہم نےجنگ لڑی اور آخر کار میدان سے ہندوستان کو بھاگنا پڑا۔ مجھے یقین ہے ہم ایمان اتحاد یقین محکم کوسبق آگے لیکر چلیں گے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان سمیت جہاں جہاں پاکستانی آباد ہیں،ان تمام لوگوں کو جشن آزادی مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیکر اس ملک کو آزاد کرکے ایک خوبصورت ملک بنایا ہے۔ ہمیں 365 دن  ملک کی آزادی کا دن مناسکتے ہیں اور قائد اعظم کے فرمودات پرعمل کرکے ہم ملک کی ترقی میں کام کریں۔ ہمیں عہد یہ کرنا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے یہ جو ملک بنایا اسے سنوارنا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں