کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کی تمام یونین کونسلز میں چیئرمین محمد یوسف کی زیر نگرانی ترقیاتی کاموں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ یونین کونسل 09 سیکٹر 11-F میں جاری سڑک کی تعمیر کے کام کا جائزہ۔
اس موقع پریوسی 09 کے وائس چیئرمین حنظلہ انور قریشی و دیگر منتخب یوسی نمائندے و اراکین یونین کمیٹی، بی اینڈ آر کے افسران فیصل صغیر،صفدر علی، ساجد صدیقی،ڈائریکٹر انکروچنٹ عبید الرحمن و دیگر ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی زیر نگرانی مختلف یونین کونسلز میں سڑکوں کی تعمیر، پارکوں کی بحالی اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے منصوبے تیزی سے پایہ تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔یونین کونسل 10 میں ربانی پارک کی تعمیر نو اور شیخ سعدی ماڈل اسکول کی تعمیر کا کام جاری ہے، جبکہ یونین کونسل09 سیکٹر 11-F میں اللہ والی مسجد سےKDA مارکیٹ تک سڑک کی تعمیرکا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مخالفین کو بار بار دو ارب روپے کا ذکر یاد آتا ہے، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہو گا اور یہ تمام ترقیاتی منصوبے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ عید الضحیٰ کے بعد نیو کراچی ٹاؤن کی تمام 13 یونین کونسلز میں پیور بلاک سے گلیوں کی تعمیر کا بڑا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ہر گلی اور سڑک کو پختہ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی میسر آ سکے۔
چیئرمین محمد یوسف نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی ہر یوسی میں ماڈل پارک قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو سستی اور معیاری تفریح کے مواقع فراہم ہوں گے۔ فی الوقت متعدد پارکوں میں ترقیاتی کام جاری ہے، جبکہ سیکٹر 11-G گودھرا میں شیخ سعدی ماڈل اسکول بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جو علاقے کا ایک جدید تعلیمی ادارہ ثابت ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ یونین کونسل 09 سیکٹر 11-F نیو کراچی کے ان علاقوں میں پانی کی شدید قلت تھی، جسے ہم نے اپنی نگرانی میں حل کیا اور اب ان علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں اور پارکوں کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔ عموماً یہ دیکھا گیا ہے کہ لوگ ذاتی کاموں کے لیے سڑکوں کو کھود کر چھوڑ دیتے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اب ایسا رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا، اور آئندہ ایسی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی تعمیر و ترقی کا سفر عوامی مشاورت اور تعاون کے ساتھ جاری رہے گا، اور ہم نیو کراچی ٹاؤن کو ایک ماڈل ٹاؤن بنانے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔
