کراچی: پولیو کے خلاف جاری قومی مہم کے سلسلے میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی، ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار میمن، اسسٹنٹ کمشنر منگوپیر اصف سومرو، ڈی ایچ او، پولیو پروگرام کے ہیڈز اور ٹاؤن کے افسران و عملے کے ہمراہ رولر اور اربن ہیلتھ سینٹر منگوپیر کا معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد پولیو مہم کے انتظامات اور اس کی موثر نگرانی تھا۔
اس موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت، انتظامیہ، صحت کے عملے اور عوام کی مشترکہ کوششوں کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں پولیو جیسے موذی مرض کے خلاف کامیابی ایک بہت بڑا چیلنج ہے، جسے صرف ایمانداری، جذبے اور لگن سے ہی سر کیا جا سکتا ہے۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں صحت عامہ کے شعبے کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور پولیو کے خلاف مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود ہر علاقے میں نگرانی کرتے ہیں، ٹیموں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ "یہ ہمارے بچوں کا مستقبل ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے”، انہوں نے زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار میمن اور اسسٹنٹ کمشنر منگوپیر اصف سومرو نے بھی موقع پر موجود رہ کر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اُنہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی ایچ او اور پولیو ہیڈز نے بریفنگ میں بتایا کہ موجودہ پولیو مہم میں خاص طور پر دور دراز علاقوں اور کچی آبادیوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
یہ دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ حکومت اور مقامی انتظامیہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور متحد ہیں۔ منگھوپیر ٹاؤن میں یہ مہم ایک مثالی مثال بن کر ابھری ہے جہاں قیادت، جذبہ اور خدمت کا امتزاج نظر آ رہا ہے۔
اس موقع پر ڈی سی ویسٹ کے افسران عملا سندھ پولیس کے اہلکار ٹاؤن مونسپل کارپوریشن منگھو پیر کے افسران و عملہ بھی موجود تھے۔
