کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو، میونسپل کمشنر احمد یار، محکمہ جاتی افسران اور انجینئرز کے ہمراہ یوسی گڈاپ کے علاقے موئیدان اور دیگر مقامات کا دورہ کیا گیا۔
اس موقع پر واٹر سپلائی اسکیموں پر سولر سسٹم پینلز کی تنصیب اور دیگر ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا گیا، اور ضروری احکامات جاری کیے گئے۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن کی حدود بہت وسیع ہیں، اور ہماری اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولت پانی کی فراہمی ہے۔ توانائی کے متبادل ذرائع اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور سولر پینلز کی تنصیب سے نہ صرف توانائی کی ضروریات مؤثر طریقے سے پوری ہوں گی بلکہ طویل مدتی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
میونسپل کمشنر احمد یار نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ شہری سہولیات کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران اور انجینئرز کو ہدایت دی کہ منصوبے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنا کر ترقیاتی عمل کو تیز اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔
وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو نے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہمارا اولین مقصد ہے، اور سولر پینلز کی تنصیب کا یہ اقدام اسی سمت میں ایک عملی قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تمام تر کوششوں سے گڈاپ ٹاؤن کے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
اس موقع پرسپر نٹنڈنٹ انجینئر (بی اینڈ آر)فرمان علی لاشاری، سپر نٹنڈنٹ انجینئر (ایم اینڈ ای) نور علی جمالی ڈائریکٹر پراپرٹی سہیل یار خان ، AEE وسیم آرائیں، ایکسین مہران ملک،سب انجینئر مرتضیٰ درس، کونسل ممبر دانش برفت،اور دیگر بھی موجو د تھے۔
