اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔ پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا.
صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا متعدد دوست ممالک کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی، سیز فائر کے لیے دوست ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں، مستقبل میں بھی کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغان وزیر دفاع کے بھارت کے مبینہ خفیہ دورے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت اور افغانستان کو خودمختار اور آزاد ریاستیں تسلیم کرتے ہیں، علاقائی امن کے لیے باہمی احترام اور عدم مداخلت کی پالیسی ضروری ہے۔ہم کسی ملک کے دوسرے ممالک سے تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتے، ہر ریاست کو خود مختار حیثیت میں اپنی خارجہ پالیسی بنانے کا حق حاصل ہے۔
شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسائل کے پر امن حل پر یقین رکھتا ہے، دوست ممالک سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہوں، پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور اپنی سالمیت کے تحفظ کا حق رکھتا ہے، یورپی وزرا کے دورہ پاکستان اور بھارت دونوں میں توازن دیکھا جانا چاہیے۔
