صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر کی مناسبت سے قوم کے نام خصوصی پیغامات میں کہا گیا ہے کہ آپریشن بُنیان مرصوص کی کامیابی مسلح افواج کے ساتھ ساتھ غیرت مند اور باوقار قوم کی فتح ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی کے حوالے سے يوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر منا رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی صرف پاکستانی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، قوم دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑی رہی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا پیشہ ورانہ انداز میں بھربور قوت سے جواب دیا، دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری آپریشنل مہارت کو تسلیم کیا۔پاکستان پُرامن ملک ہے، ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، تاہم پاکستان اپنی خود مختاری، جغرافیائی سالمیت پر سمجھوتا نہیں کرے گا، ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں، معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں ہے، پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا۔ ان بہادر سپاہیوں کو سلام جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا۔ میں بطور صدر یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔
بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی کے حوالے سے يوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے وطن کے دفاع کے دوران دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی عبرت کا نشان بنا دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لیے ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے اور ہمیں ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں ، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔پاکستان کی بہادر اور پیشہ ورانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے ۔ دشمن کے فوجی اڈے ، اسلحہ کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے ۔ ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے ناکام ہو گئے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریے کے خلاف تھی جو انسان دشمنی ، جارحیت ، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے۔ یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے۔ یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ خوددار، غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی کامیابی ہے۔ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔میں پاک افواج کے ان تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے معرکۂ حق کی تکمیل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔میں اس موقع پر اپنی اور قوم کی طرف سے جنرل سید عاصم منیر کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا ۔ میں اس کے ساتھ ساتھ چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر بابر اور ان کے شاہینوں کو بڑی گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کردیے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی قیادت میں پاکستان نیوی پاکستان کے سمندری پانیوں کی حفاظت کرتی رہی۔ میں تمام اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال اتحاد اور تاریخی یگانگت کا مظاہرہ کیا ۔
