کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے ورلڈ بینک کے ادارے کلک (CLICK) کے تعاون سے صالح محمد گوٹھ گڈاپ ٹاؤن میں جاری سڑک کی تعمیر ات کے منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے موقع پر موجود افسران، ٹھیکیداروں اور مقامی مکینوں سے ملاقات کی اور منصوبے کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ TMC کے افسران، منتخب اراکینِ کونسل، کلک کے نمائندگان اور مقامی معززین بھی موجود تھے۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ ہم صرف میٹنگز اور وعدوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، بلکہ عملی اقدامات کو ترجیح دیتے ہیں، ہم کو کسی کی پہچان کی ضرورت نہیں ہے ہمار ا کام ہی ہماری پہچان ہے،گڈاپ ٹاؤن میں جو ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، وہ عوام کے سامنے کھلی کتاب کی مانند ہیں، یہ سب پاکستان پیپلز پارٹی کے اس وعدے کا حصہ ہے جس کے تحت ہر یوسی (یونین کونسل) میں ترقی اور سہولت کی روشنی پہنچائی جا رہی ہے۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے مزید کہا کہ بلدیاتی ادارے اور شراکت دار ادارے ایک صفحے پر کھڑے ہیں اور باہمی مشاورت سے گڈاپ کو ایک ماڈل ٹاؤن بنانے کی طرف گامزن ہیں، ترقیاتی منصوبے صرف کاغذوں میں نہیں، بلکہ زمینی حقیقت میں تبدیل ہو رہے ہیں، جسے عوام خود محسوس کر رہے ہیں،ادارہ کلک (CLICK)، جو کہ ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے بلدیاتی نظام کی بہتری، شہری خدمات کی فراہمی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے کام کر رہا ہے،مقامی رہائشیوں نے اس سٹرک کے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صالح محمد گوٹھ میں پہلی مرتبہ اس سطح پر ترقیاتی کام دیکھنے کو مل رہے ہیں، جو ان کی طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔
