کراچی:نیو کراچی ٹاؤن کی بلدیاتی قیادت کی زیرنگرانی بلدیاتی اسکولوں کی جانب سے بھارت کی بزدلانہ کارروائی پرافواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور کشمیری عوام پر مسلسل مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی کا اہتمام طارق بن زیاد پرائمری اسکول اور محمودالحسن پرائمری اسکول کے طلبا و طالبات نے اساتذہ اور مقامی رہنماؤں کے ہمراہ کیا۔چیئرمین محمد یوسف کی قیادت میں احتجاجی ریلی اللہ والی چوک سے پاور ہاؤس چورنگی تک نکالی گئی۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر حالیہ حملے اور سرحدی خلاف ورزی کے بعد ملک بھر کی طرح نیو کراچی ٹاؤن کی عوام میں بھی شدید غم و غصے پایا جارہا۔پاکستان بھارت کی ہر جارحانہ حرکت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اور پاکستان کا بچہ بچہ اپنی فوج کے ساتھ ہے۔پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تمام جنگی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں اور بین الاقومی سطح پر بھارت کو ذلت اُٹھانا پڑھ رہی ہے۔پاکستانی افواج دشمن کو ہر محاز پر شکست سے دو چار کررہی ہے۔بھارت کی جنگی مہم جوئی خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔اس دوران ریلی کے شرکاء نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر ،بھارت مردہ باد”، ”پاک فوج زندہ باد”، اور ”کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ فضا مسلسل حب الوطنی کے نعروں اور شہداء کی عظمت کے ترانوں سے گونجتی رہی۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے طلبا ء و طالبات کے جذبے کو سراہا۔ریلی کا اختتام وطن عزیز کی سلامتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی فتح کی دعا کے ساتھ کیا گیا۔
