اسلام آباد:پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب کے تین مختلف اضلاع، وہاڑی، پاکپتن اور اوکاڑہ میں اسرائیلی ساختہ مزید 6 بھارتی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اِن 6 ڈرونز میں سے ایک کو ضلع وہاڑی ، ایک کو پاکپتن جبکہ 4 ڈرونز کو ضلع اوکاڑہ میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔اب تک پاکستان کی فضائی دفاعی فورسز دشمن کے مجموعی طور پر 35 ڈرونز کو تباہ کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ یہ اعداد و شمار پاکستان کے مضبوط دفاعی نظام اور چوکس فضائی نگرانی کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تمام ڈرونز کو مسلسل ریڈار پر مانیٹر کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی ڈرون پاکستانی فضائی حدود کی طرف آتا ہے، اسے فوری طور پر ریڈار پر دیکھا جاتا ہے اور اس کی نقل و حرکت کو مسلسل ٹریک کیا جاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہمارے ایئر ڈیفنس سسٹم میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ چھوٹے سے چھوٹے ڈرون کو بھی کامیابی سے ٹریک کر سکتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہری علاقوں اور کمرشل پروازوں کی موجودگی میں ڈرون مار گرانے کے لیے ایک واضح اور مؤثر آپریشنل طریقہ کار کی موجودگی پر بھی روشنی ڈالی، جس کا مقصد شہریوں اور فضائی ٹریفک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
دفاعی ماہرین نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظام اور ایئر ڈیفنس سسٹم دشمن کے حملوں کو مسلسل ناکام بنا رہا ہے۔
انہوں نے "ہیروپ” ڈرون کی ٹریکنگ سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کا دفاعی اور ایئر ڈیفنس سسٹم انتہائی مضبوط اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
