دہشتگرد بھارت کی جارحیت پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا ردعمل
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، ہم نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی، یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی،پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے غیرجانبدار اور منصفانہ تحقیقات کی پیشکش کی، مگر بھارت نے جنگی جنون میں مبتلا ہو کر جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ بھارتی افواج نے بلااشتعال حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی، خطے کے امن کو بھی داؤ پر لگا دیا۔پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ اور دندان شکن جواب دیا، آج پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔بھارت کو یہ اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ پاکستان دشمن سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہماری افواج چوکس، عوام متحد، اور ہمارا عزم ناقابلِ شکست ہے۔ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ پاکستان پر حملہ، بھارتی قیادت خصوصاً دہشتگرد نریندر مودی کے لیے شرمناک شکست میں بدل چکا ہے۔ بھارتی افواج کو نہ صرف بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، بلکہ دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا بھی کرنا پڑا، یہ بھارت کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مودی سرکار نے صرف پاکستان سے نہیں، بلکہ بھارت کے اندر بھی ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مسلمانوں کے بعد سکھوں، مسیحیوں اور دیگر اقلیتوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔دنیا کو اب بھارتی فاشزم کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا ہوگی۔پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی جائے تو ہم خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔
