کراچی:محکمہ موسمیات نے آج سے 4 مئی کے دوران جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، بدین، ٹھٹہ، تھرپارکر، عمرکوٹ اور دادومیں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے قمبر، شہدادکوٹ، خیرپور،سکھر، حیدرآباد، مٹیاری، میرپورخاص، سانگھڑاور شہید بینظیرآباد کے اضلاع میں بعض مقامات پر آندھی/ گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
اگلے دو دنوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں طوفانی بارش کے بعد موسم بدستور خراب ہونے کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز کا رخ موڑ دیا گیا۔
پی آئی اے حکام کے مطابق کراچی سے اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز نے ملتان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی، اس سے قبل پی کے-308 نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی۔
حکام نے بتایا کہ فضا میں کئی منٹ چکر لگانے کے بعد پی کے-308 کو ملتان ائیرپورٹ لینڈنگ کی ہدایت کی گئی، جس میں 150 سے زائد مسافر سوار ہیں۔
