کراچی:بچوں کو معذوری سے بچانے کے لئے حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی انسداد پولیو مہم میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڑھو کے ہمراہ خصوصی شرکت کرکے انسداد پولیو مہم کا آٖغاز کیا۔
اس موقع پروائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،یونین کمیٹی نمبر 10کے چیئرمین فیصل قاری،سینئر کمیونٹی بلاک آفیسر انسداد پولیو مہم میڈم فوزیہ،کمیونٹی بلاک آفیسر عاصم حُسین،یوسی وائس چیئرمین،وارڈ کونسلر،اراکین یونین کمیٹی،ٹاؤن افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ پولیو کے خلاف چلائی جانے والی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے نیو کراچی ٹاؤن کے منتخب نمائندے علماء کرام کے ہمراہ پولیو کی ٹیم کے ہمراہ علاقوں میں موجود ہونگے اور مکمل رہنمائی اور تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے زریعے لاکھوں بچوں کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے پولیو کا مرض ایک ایسا ناسور ہے جس کی وجہ سے انسان ساری زندگی کے لئے محتاج ہوجا تا ہے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن ایاز حمید اللہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کو اس مرض سے بچانے کے لئے حکومتی سطح پرانسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا جاتا ہے اس پولیو مہم کے زریعے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حوالے سے قطرے پلائے جاتے ہیں پولیو ورکرز ڈور ٹو ڈور جاکر اس اہم ذمہ داری کو ادا کرتے ہیں پولیو مہم کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہے یہ ایک قومی فریضہ ہے اورملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نونہال زندگی بھر کی معذوری سے بچ سکیں۔ بعد ازاں چیئرمین محمد یوسف نے گودھرا کمیونٹی کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ آپ کے بچے اس مہلک بیماری سے بچ سکیں،گودھرا کمیونٹی کے عہدیداران نے پولیو ورکرز سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز کی محنت قابل ستائش ہے، انسداد پولیو مہم میں موجود ورکرز سے بھر پور تعاون کریں گے اور پولیو کے خلاف اس مہم کو کامیاب بنائیں گے۔
