کراچی: چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر، حاجی نواز علی بروہی نے بلڈنگ اینڈ روڈز (B&R) ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کا مقصد جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ، آئندہ کے لائحہ عمل کی منصوبہ بندی اور عوامی سہولیات کے فوری حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی تیار کرنا تھا۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر آغا خلیق ،وائس چئیرمین رانا عارف، سپریڈنٹ انجینیئر پیر شوکت شاہ ،اے ڈبل ای سلیم دربار،اے ڈبل ای آفاق عالم ،اے ڈبل ای مظہر شاہ ، اے ڈبل ای تحسین پلیجو سب انجینئر جنید صدیقی ،سب انجینئر محمد طارق ، بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ عملے نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی کہ ٹاؤن کی سطح پر سڑکوں کی از سرِ نو تعمیر، گلیوں کی پختگی، نکاسی آب کے نظام کی بحالی، اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ متعدد نئے منصوبے حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، جن پر جلد کام کا آغاز متوقع ہے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ “منگھوپیر کے عوام کی خدمت کو میں اپنا فرض اور عبادت سمجھتا ہوں۔ میں ہر اس مقام پر خود جاتا ہوں جہاں کام ہو رہا ہو تاکہ نگرانی ذاتی طور پر کی جا سکے اور عوامی پیسوں کا درست اور دیانتدارانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کو ایک ماڈل ٹاؤن میں تبدیل کرنے کے لیے ایک واضح وژن کے تحت کام جاری ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے قریبی رابطہ اور باہمی مشاورت کا عمل مسلسل جاری ہے۔
موسم گرما کی شدت اور ہیٹ ویو کے خطرے کے پیشِ نظر، ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے کیمپوں کی تعداد میں فوری اضافے کی ہدایت بھی دی، تاکہ شہریوں کو فوری طبی سہولیات میسر آ سکیں اور کسی ممکنہ ہنگامی صورت حال کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔ یہ امر باعث فخر ہے کہ حاجی نواز علی بروہی نہ صرف ایک سینئر سیاسی رہنما بلکہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ایک فعال اور باکردار شخصیت ہیں۔ ان کی قیادت میں منگھوپیر ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کی شفافیت، رفتار اور معیار ایک نئی مثال قائم کر رہے ہیں.
