کراچی: جناح ٹاؤن کراچی میں عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور مثبت سماجی تبدیلی کے عزم کے ساتھ ”بدلتا ہوا جناح ٹاؤن – کردار، خدمت اور ترقی کا نشان” کے عنوان سے خصوصی بلدیاتی خدمات مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
اس مہم کا آغاز ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع کی قیادت میں منعقدہ عید ملن تقریب کے موقع پر کیا گیا، جس میں بطور مہمان خصوصی صدر پاکستان بزنس فورم سہیل عزیز اور منتخب نمائندوں، کونسلرز، افسران، معززینِ علاقہ، خواتین، نوجوانوں، بزرگوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی ساتھ ہی بچوں کے محظوظ ہونے کیلئے میجک شو، جھولوں کی فری رائیڈ، فیس پینٹنگ و دیگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
ٹاؤن آفس مین منعقدہ تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کا مقصد عید کی خوشیوں کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنا ہے فلسطینی عوام، خصوصاً مائیں، بچے اور نوجوان مسجد اقصیٰ اور سرزمین فلسطین کی آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، اور پوری پاکستانی قوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے اور اسلام آباد میں ملین مارچ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی عوام فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی میں متحد ہیں۔ اسرائیل کو مالی نقصان پہنچانے کے لیے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ ناگزیر ہے۔ جناح ٹاؤن کی ترقیاتی حکمت عملی پر گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ دو سالہ ترقیاتی روڈ میپ پر عمل درآمد وقت کی ضرورت ہے۔ ترقیاتی منصوبے صرف کاغذوں پر نہیں، بلکہ عملی میدان میں دکھائی دینے چاہئیں۔
جماعت اسلامی کے سینئر رہنما و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ جناح ٹاؤن میں ترقیاتی سرگرمیاں نمایاں ہو چکی ہیں، جو جماعت اسلامی کی قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور مخلص نمائندوں کی محنت کا نتیجہ ہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ کوششیں کامیابی کی طرف گامزن ہیں اور عوام کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے۔ جماعت اسلامی ہمیشہ منظم انداز میں اپنے منتخب نمائندوں کے ساتھ ایک فعال ٹیم تیار کرتی ہے، جو مقامی سطح پر شہری مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل رہتی ہے۔ اس وقت بھی مختلف علاقوں میں بہتری کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔
سیف الدین ایڈووکیٹ کے مطابق آئینِ پاکستان بلدیاتی نظام کو صرف منتخب نمائندوں کے ذریعے چلانے کی اجازت دیتا ہے، بصورتِ دیگر یہ نظام غیر آئینی حیثیت اختیار کر لیتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ منتخب نمائندے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے عوامی توقعات پر پورا اتریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کی پہچان صرف خدمت کے جذبے سے نہیں بلکہ درست رہنمائی سے ہوتی ہے چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور کونسلرز کو چاہیے کہ وہ عوام سے رابطے میں رہیں، مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ انہیں اداروں کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کریں۔
ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم محض صفائی یا ترقیاتی کاموں تک محدود نہیں ہی بلکہ اس مہم کے ذریعے کردار، روئیے اور نظام کی تبدیلی پر مہر ثبت کی جائے گی جس کا اظہار ہم قول وفعل شفافیت اور ایماندارانہ خدمت کے ذریعے نئے جناح ٹاؤن کی تشکیل کی صورت میں پیش کرینگے جو کہ مثالی جناح ٹاؤن کی جانب ہمارا بڑھتا قدم ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ مہم کے اہم نکات میں منتخب بلدیاتی قیادت کی عملی مثال بن کر کرپشن سے اجتناب برت کر شفاف طرز عمل اختیار کرنا،ہر یوسی میں ہفتہ وار عوامی ملاقاتوں اور ٹیم سازی تشکیل دینا،وارڈ کی سطح پر ماڈل ایریاز کی تیاری،صفائی مہم، شجرکاری، اسٹریٹ لائٹس، پانی وسیوریج کے مسائل دور کرنا اور پارک گالا جیسے اقدامات کرنا،اداروں سے روابط اور شکایات کے فوری حل کیلئے اقدامات کمیونٹی انگیجمنٹ، عوامی تقریبات، خواتین، نوجوانوں اور اقلیتوں کی شمولیت،اچھے کام کی حوصلہ افزائی اور غفلت پر احتساب، ٹیم ورک اور اجتماعی فیصلے کرنا شامل ہیں۔
ٹاؤن چیئرمین نے واضح کیا کہ یہ مہم صرف الفاظ نہیں بلکہ ایک واضح عملی منصوبہ ہے، جس کے تحت ہر نمائندہ اور ہر افسر کردار اور خدمت کا مظاہرہ کرے گا۔تقریب میں نوجوان کارکنان، اور سماجی شخصیات نے مہم کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
تقریب میں صدر پاکستان بزنس فورم سہیل عزیز اور وائس چیئرمین جناح ٹاؤن حامد نواز خان نے بھی شرکاء سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ٹاؤن انتظامیہ نے معزز مہمانانِ گرامی کو گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر امیر ضلع قائدین انجینئر عبدالعزیز کی جانب سے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس مہم کو اخلاص، استقامت اور کامیابی عطا فرمائے(آمین)
