6کینالز منصوبہ سندھ کی زمین، فصلوں اور پانی پر ڈاکہ ہے:فریال تالپور

کراچی: پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی صدر اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے راول ہاؤس راہوکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام چھ کینال منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، یہ منصوبہ سندھ کی زمین، فصلوں اور پانی کے حق پر ڈاکہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 18 اپریل کو حیدرآباد میں تاریخی عوامی اجتماع ہوگا جہاں سندھ بھر سے عوام اپنی زمین اور پانی کے تحفظ کے لیے جمع ہوں گے۔

فریال تالپور نے کہا کہ ہم نے شہداء کے جنازے اٹھائے ہیں، قربانیاں دی ہیں اور آخری دم تک لڑیں گے۔ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ میں اور عوامی سطح پر اس متنازعہ منصوبے کی مخالفت کی ہے، یہ مسئلہ صرف سندھ کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ہمیشہ وفاق کی علامت بن کر کہا کہ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے کہ سندھ کے کھیتوں کو پانی نہ ملے اور کراچی کے عوام پیاسے رہیں۔

جلسے سے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ فریال تالپور کی آمد پر جیالے ان کے شکر گزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کینال کا مسئلہ صرف کاشت کا نہیں بلکہ سندھ کے 7 کروڑ عوام کے جینے مرنے کا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سندھ کا واحد ذریعہ معاش زراعت ہے، اگر پانی نہ ملا تو عوام فاقہ کشی پر مجبور ہو جائیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی متنازعہ کینال کی تعمیر کسی صورت نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے 18 اپریل کے جلسے کو ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام بیوی بچوں سمیت شرکت کریں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری و فریال تالپور کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ایک کینال پر 7 کروڑ عوام کو قربان نہیں کیا جا سکتا، سندھ کے وکلاء، طلباء اور تمام طبقے کے افراد اس منصوبے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے، اور اس بار بھی 18 اپریل کا جلسہ تاریخ رقم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے پارلیمنٹ میں نہ صرف کینال منصوبے کی مخالفت کی بلکہ ہمیشہ سندھ کے حق کے لیے آواز بلند کی ہے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما راول شرجیل میمن نے مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا اور خطاب میں کہا کہ عوام کا پیپلز پارٹی سے صرف ووٹ کا نہیں بلکہ محبت کا رشتہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی حقوق کی جنگ جاری رہے گی۔

جلسے میں مختلف ارکان اسمبلی، ٹاؤن چیئرمینز، ضلعی و تحصیل صدور، اور دیگر پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں