ہمارا مقصد عوام کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنا ہیں:رضوان عبدالسمیع

کراچی:عید الفطر کا تہوار ہمیں محبت، قربانی اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے، لیکن اس موقع پر ہم اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھول سکتے جو غزہ میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح کے زیر اہتمام یوسی8میں امیرخسرو روڈ کی افتتاحی تقریب اور عید ملن پارٹی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ فلسطینیوں پرہونے والے مظالم کا خاتمہ کرے، اور ان کے حقوق کی بحالی کے لیے عالمی برادری فوری اقدامات کرے ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے لیے امن، سکون اور خوشحالی کی دعا کرتے ہیں۔ منعم ظفر نے مزید کہا کہ ہم عالمی کمیونٹی سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام کو فوری انسانی امداد فراہم کی جائے اور ان کے نسل کشی سمیت بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے،ہماری حمایت غزہ کے عوام کے ساتھ ہے، اور ہم ہر ممکن طریقے سے ان کی مدد کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے تاکہ ان کا حقِ آزادی اور وقار بحال ہو سکے۔

اس موقع پر چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے خطاب میں امیر خسرو روڈ کی تعمیر و تکمیل کو علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو جدید اور محفوظ انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے یہ منصوبہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح اور کلک کے اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے اور یہ اس بات کا غماز ہے کہ ہم اپنے وعدوں کو عملی طور پر پورا کر رہے ہیں اس سڑک کی از سرنو تعمیر سے نہ صرف علاقے کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہو گی بلکہ مقامی معاشی سرگرمیاں بھی فروغ پائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بلدیاتی خدمات میں مزید بہتری کے لیے بھی مسلسل اقدامات کر رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں یہ منصوبہ جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی اور اعلیٰ معیار کے مواد کا استعمال کر کے مکمل کیا گیا ہے تاکہ یہ سڑک طویل عرصے تک محفوظ اور کارآمد رہ سکے، انہوں نے کہا کہ ہم عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور اس منصوبے کے ذریعے ہم نہ صرف ٹاؤن کے انفراسٹرکچر میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ بلدیاتی سطح پر عوام کے روزمرہ کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے موقع پراہل محلہ نے امیر خسرو روڈ کی تعمیر تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا اورچیئرمین رضوان عبدالسمیع اور جماعت اسلامی کی قیادت کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی۔ تقریب کے آخر میں دعا کی گئی جس میں شہرمیں امن، خوشحالی اورٹاؤن کی ترقی بلخصوص فلسطین کے عوام کے حق میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی۔اس موقع پر امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز، چیئرمین یوسی8جنید مکاتی، جماعت اسلامی کے علاقائی عہدیدار، علاقائی عمائدین اوراہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں