آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے ملک میں دہشتگردی کے پیچھےایک منظم غیرقانونی اسپیکٹرم ہے جس کی پشت پناہی مخصوص عناصر کرتے ہیں۔ ملکی ترقی کے لیے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے، بلاوجہ تنقید کی بجائے توجہ اپنی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے بہاولپور میں طلبہ سے بات چیت کی اور کہا کہ پاکستان اللہ پاک کا عطا کردہ ایک انمول تحفہ ہے، پاکستان کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا بہاولپور چھاؤنی کا دورہ کیا، آپریشنل تیاریوں اور تربیتی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف کی افسروں اورجوانوں کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور جنگی تیاریوں کی تعریف کی
جنرل سید عاصم منیر نے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا افتتاح کیا۔مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے اہم کردار کی تعریف اور طلبہ سے بات چیت بھی کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا ہمیں کبھی اپنے عقیدے، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے،ملکی ترقی کے لیے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے، بلاوجہ تنقید کی بجائے توجہ اپنی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی کوئی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا، جب تک قوم خصوصاً نوجوان افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے کوئی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔دہشتگردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے، اس اسپیکٹرم کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں، جب بھی ریاست اس اسپیکٹرم پر ہاتھ ڈالتی ہے تو ان کے جھوٹے بیانیے سنائی دیتے ہیں۔
