حیدرآباد: سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لوگ جھوٹ بیچنے کی کوشش کررہے ہیں، آپ کو کسی کی باتوں میں نہیں آنا پاکستان پیپلز پارٹی پر یقین رکھنا چاہیے۔
سولر تقسیم تقریب سے خطاب میں سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مشن جاری رکھتے ہوئے ان دو لاکھ سے زائد خاندانوں کو سولر اور بیٹری ملے گی جو بجلی کے بل ادا نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سولر پلیٹ کسی امیر یا زمیندار کو نہیں ملے گی اس غریب کو ملے گی جو مستحق ہے، انشاء اللہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنینگے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد حیدرآباد میں ہزاروں گھر بنے ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی کہہ چکی ہے ہم دریائے سندھ پر کئنال نہیں بنانے دیں گے،جب تک پیپلز پارٹی ہے اس کی قیادت نے واضح اعلان کیا ہے ہم کئنالز کی تعمیر نہیں ہونے دیں گے،کالاباغ ڈیم کا خاتمہ پیپلز پارٹی نے کیا.این ایف سی ایوارڈ اور صوبائی خودمختار پاکستان پیپلز پارٹی نے دی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جب وزیرخارجہ بنے تو پاکستان کا مقدمہ پوری دنیا میں لڑا اور نریندر مودی کو للکارا۔
