اسلام آباد:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تمام اہل وطن اور عالمی برادری کو نئے سال کی مبارک باد دے دی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کہا ہے کہ نیا سال اتحاد، ترقی اور خوشحالی کا سال ہو گا، سال 2025 میں داخل ہوتے ہوئے ہمیں اپنی جدوجہد کا جائزہ لینا اور کامیابیوں کا جشن منانا چاہیے
اپنے جای بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو مضبوط کریں اور اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھیں۔ ہمیں ملک سے غربت اورعدم مساوات کے خاتمے اور جہالت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا ہو گی، قوم کو ایک ترقی پسند اور جامع پاکستان کی جستجو میں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دعا گو ہوں کہ 2025 تمام پاکستانیوں کے لیے امن ،صحت اور خوشحالی سے بھرپور سال ثابت ہو۔آئیے نئے سال میں جمہوریت، آزادی اور سماجی انصاف کے اصولوں کے لیے ہماری وابستگی کی تجدید کریں، پاکستانی عوام کی طاقت اور حوصلے پر کامل یقین ہے، ہم چیلنجز پر قابو پا کر ایک ایسے مستقبل کا راستہ ہموار کریں گے جو امید اور ہم آہنگی سے بھرا ہو گا
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور بہتر کل کے لیے کوششیں جاری رکھے، آئیں ہم سب مل کر 2025 کو پاکستان کے لیے ترقی اور امید کا سال بنائیں۔عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پیپلز پارٹی اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔
