کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ دریائے سندھ پر6 کینالوں کا منصوبہ ہمیں منظور نہیں ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے پانی پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے شہید بینظیر بھٹو کے دور میں بھی کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی تھی،پیپلز پارٹی سندھ کی نمائندہ جماعت ہے۔ہم سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں دینگے۔
عالمی یوم اطفال پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت کا آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بچوں کے حقوق کی اہمیت، انکے بہتر مستقبل اور بچوں کے تحفظ کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا، عالمی یوم اطفال ہر سال بچوں کے حقوق اور انکی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کیلئے منایا جاتا ہے
ان کا کہنا تھا کہ سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی نے بچوں کے حقوق و تحفظ کیلئے واک کا اہتمام خوش آئند ہے۔محفوظ اور امید افزا مستقبل کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔تقریب نے بچوں کو اپنے خیالات، آراء اور خدشات کے اظہار کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔بچے ہمارے معاشرے کے سب سے قیمتی ارکان ہیں۔ بچوں کے خواب، خواہشات اور صلاحیت ہماری قوم کے مستقبل کو تشکیل دیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بطو وزیراعلیٰ اپنی حکومت کے وعدوں کی تکمیل کیلئے آج میں آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ اپنے بچوں کی پرورش، تحفظ اور بااختیار بنانے کی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بچوں کو نقصان، استحصال اور نظر انداز ہونے سے بچایا جائے۔تعلیم، صحت اور ترقی کی ضمانت دے کر ہم ایک خوشحال اور انصاف پسند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں۔
