کراچی: جناح ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں قائم تاریخی ورلڈ گلوب منتقل کرنے کی تیاریاں باضابطہ طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔
ٹائون چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ورلڈ گلوب کی اپنی منفرد تاریخ ہے، 1966 میں اسلامیہ کالج کے سامنے رکھ دیا گیا اب اس 66 ٹن وزنی ورلڈ گلوب کو اسٹیڈیم کے سامنے پارک میں رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اسے محفوظ طریقے سے منتقل کیا جائے، بتانا ممکن نہیں کہ اس کی قیمت کتنی ہے کیونکہ اب ایسا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
رضوان عبدالسمیع نے کہا کہ ورلڈ گلوب کی بلندی زمین سے چوٹی تک 18 فٹ ہے، جب اسے بنایا گیا تو اس کا رنگ آسمانی تھا کوشش کرینگے کہ اسے اصل شکل میں ہی بحال کیا جائے۔
اس موقعے پر ٹاؤن چیئرمین کے کوآرڈینیٹر کاشف راؤ،ایڈ مین ڈائریکٹر شمس الحسن، ہیڈ آف ای آر ایسوسی ایٹ فیصل و دیگر بھی موجود تھے۔
