کراچی: ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے منگھو پیر میں ہونے والے فٹبال ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں میں یونیفارم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، "یہ ٹورنامنٹ علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک مثبت سرگرمی ہے، جو نہ صرف انہیں کھیل کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ صحت مند تفریح اور اجتماعی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کو ایسے پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور آگے بڑھ سکیں۔”
کھیلوں کی ترقی کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ نوجوانوں کا مستقبل روشن ہو۔
ٹاؤن چیئرمین نے مزید کہا کہ، "ہماری کمیونٹی میں فٹبال کے حوالے سے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، لیکن اکثر نوجوان وسائل کی کمی کی وجہ سے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر نہیں کر پاتے۔ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے ہم ان نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہے ہیں، جہاں وہ اپنی قابلیت کا مظاہرہ کر سکیں گے اور اپنی محنت کے ذریعے علاقے کا نام روشن کریں گے۔”
انہوں نے کمیونٹی کے معززین اور والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ، "یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھیں اور ان کی مثبت سرگرمیوں میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نہ صرف کھیلوں کے فروغ کے لیے ہے بلکہ نوجوانوں کو ایک مقصد، ڈسپلن اور ٹیم ورک جیسی قدروں کا درس دینا بھی ہے۔”
آخر میں ٹاؤن چیئرمین نے کھلاڑیوں کو یونیفارم دینے کے بعد ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے کھلاڑیوں کو اپنی بھرپور صلاحیتیں پیش کرنی ہوں گی اور کمیونٹی کا بھرپور تعاون بھی ضروری ہے۔
اس موقع پر اُن کے ہمراہ وائس چیئر مین رانا عارف ،میونسپل کمشنر آغا خلیق ،کمیونٹی معززین ،کھلاڑیوں کے والدین ،اور اہل علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے
