کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح کے زیرِ انتظام حیدرآباد کالونی یوسی 4 میں شاہراہ نصر اللہ شجیع شہید اور شاہراہ منور حسین سہر وردی شہید کے تعمیراتی کام کی تکمیل پر وقار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید وفرقان حمید اور نعت رسولﷺ سے کیا گیا،
تقریب میں اہلِ محلہ اور یوسی 04بلدیاتی پینل کی جانب سے چیئرمین رضوان عبدالسمیع اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا استقبال آتش بازی سے کیا گیا
پروقار تقریب سے چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹاؤن میں کام کا آغاز بنیادی ضروریات کے عمل سے شروع کیا جس میں سب سے بڑا مسئلہ سیوریج لائنز کا تھا نالوں کی صفائی سے ہم نے شروع کیاتھا اس کے بعد ہم پارکس پر آئے اور پارکس کے بعد اب ہم سڑکوں کی تعمیر پرآئے ہیں
انہوں نے کہا کہ آج ہم یوسی4 حیدراباد کالونی کا یہ علاقہ ہے جہاں ہم نے اس سڑک کی تعمیر کے ذریعے یہاں کی عوام کو ایک تحفہ دیا ہے یہ اس بات کا عزم ہے جو یہاں کے عوام نے ووٹ دے کر ہم پر اعتماد کیا یہ صرف ایک جگہ نہیں ابھی تو کام کا آغاز ہوا ہے یہ پروجیکٹ رکے گا نہیں اس کے بعد اگلی گلی کی باری آئے گی پھر باقی یونین کونسلز کی۔
ان کا مزید کہا کہ ٹاؤن میں ہمارے پاس 48 پارکس ہیں جن میں 20 کے قریب ہم بنا چکے ہیں باقی 28 بھی انشاء اللہ آئندہ سالوں میں ہم بنانے میں کامیاب رہیں گے ڈسپنسریز اور اسکولزکو بھی ہم دوبارہ از سر نو تعمیر کریں گے تاکہ عوام کو مفت طبی سہولیات مہیا کریں ساتھ ہی عوام کا گورنمنٹ کے تعلیمی اداروں سے جو اعتماد اٹھ گیا اسے پھر سے بحال کرنا ہے۔
چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے کہا کہ میری پوری ٹیم کونسل ممبران، میونسپل کمشنرجناح ٹاؤن اور ریونیو پیدا کرنے والے محکموں کے افسران کا بھی میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے ہاتھ مضبوط کئے ہمیں اس قابل کیا ہم عوام کا ٹیکس عوام پر خرچ کرنے کے قابل ہوئے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع یوسی04 چیئرمین اور انکے پینل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے نصراللہ شجیع اور منور حسین سہر وردی کے نام سے منصوب ان شاہراہوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا یہ شاہراہ عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار تھیں جس پر75ہزار اسکوائر فٹ پیور ورک اور اس سے قبل سیوریج کی لائننگ کا کام بھی انجام دیا گیا ہے اس پر 1کروڑروپے سے زائد کی لاگت آئی ہے اور یہ تمام کام 3 مہینے میں دن رات کی انتھک محنت سے مکمل کیا گیا جس کیلئے جناح ٹاؤن کی پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔
