کراچی: ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اور پاکستان ہسٹاریکل سوسائٹی کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے سماجی علوم کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر سید جعفر احمد کو پاکستان ہسٹاریکل سوسائٹی کی مجلس عامہ کی تجویز اور مشورے سے سوسائٹی کا جنرل سیکریٹری مقرر کردیا ہے۔
پروفیسرڈاکٹر سید جعفر احمد تعلیم و تدریس اور شعبہ تحقیق میں وسیع تجربے کے حامل ہیں۔آپ پاکستان اسٹڈی سینٹر، جامعہ کراچی میں 18سال تک بہ طور ڈائریکٹر ذمے داریاں ادا کرچکے ہیں۔ اس وقت آپ انسٹی ٹیوٹ اوف ہسٹاریکل اینڈ سوشل ریسرچ میں بہ طور ڈائریکٹر اور سہیل یونی ورسٹی میں ڈین فیکلٹی اوف سوشل سائنسز کے طورپر اپنی خدمات انجا م دے رہے ہیں۔
پاکستان ہسٹاریکل سوسائٹی ایک تحقیقی ادارہ ہے جسے تاریخ پر تحقیق کو فروغ دینے کی غرض سے 1950ءمیں ماہرین تاریخ نے قایم کیا تھا۔ شہید حکیم محمد سعید نے 1978ء میں سوسائٹی کی سرپرستی قبول کی تھی۔1953ء سے پاکستان ہسٹاریکل سوسائٹی کے زیر انتظام سہ ماہی تحقیقی جرنل ’ہسٹوریکس‘ کی مسلسل اشاعت جاری ہے جس میں تاریخ پر لکھے جانے والے تحقیقی مقالے شائع کیے جاتے ہیں۔
