حیدرآباد: پاکستان کی حکمران اشرافیہ نے ملک کو اس قابل نہیں بننے دیا کہ وہ اپنی مضبوط معیشت کی بنیاد پر آزاد خارجہ پالیسی اختیار کر سکے۔ دنیا اب ایک نئے دور کی طرف جانے کی تیاری کر رہی ہے ۔ یہ باتیں کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل کامریڈ امداد قاضی نے نسیم نگر فیز 1 حیدرآباد میں باغ ہاؤس پر پارٹی ممبران ، ادیبوں و سماجی کارکنوں سے خطاب اور سوال جواب کی سیشن میں کہیں
انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی مقید اشرافیہ اس قابل ہی نہیں کے وہ ایس سی او یا برکس سے جو قلیل مدت کے لئے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ حاصل کرسکے کیونکہ یہ ادارے بھی آخری نتیجے میں نئے سامراجی مرکز کے مفادات کو ہی پورا کریں گے ۔ ڈالر سے نجات پانے کے بعد دنیا یوآن کی اجارہ داری میں جکڑ جائے گی ۔
امداد قاضی نے مزید کہا کہ یوکرین کی جنگ دو سرمایہ دار سامراجی مفادات کی جنگ ہے ۔ امریکہ اپنی جنگی معیشیت کی وجہ سے جنگوں کو پیدا کرنا ضروری سمجھتا ہے ۔مشرق وسطیٰ کی جنگ کو امریکہ طول دیگا، کیونکہ اس سے جنگ کے دائرے میں آنے والے ممالک اسلحہ کی خریداری پر اربوں ڈالر خرچ کریں گے ، جس کے منافعے کا بڑا حصہ امریکہ کو جائیگا ۔
کامریڈ امداد قاضی نے کہا کہ آئین کی 26ویں ترمیم سے اب عدالتوں کو بھی مطیع کریں گیں ۔ یعنی ملکی اقتدار اعلی، معاشی وسائل پر ان کا قبضہ ہے ۔ لیکن محنت کش طبقات اور عام عوام کی مشترکہ ملک گیر جدوجہد سے ہے اقتدار اعلی اور قیمتی وسائل پر ان کا قبضہ ختم کرایا جا سکتا ہے ۔
