کراچی: جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کا اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کو ایک اور تحفہ۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین یونین کمیٹی نمبر گیارہ عمران شفیق قریشی کے ہمراہ یونین کمیٹی الیون سیکٹر 11-I میں پُلیہ کی تعمیرکے بعد افتتاح کردیا۔
اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر گیارہ کے وارڈ کونسلرکاشف نوشیر،یونین کمیٹی گیارہ کے اراکین،بائیک مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر و ممبران،مارکیٹ دُکاندار اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ افتتاح کے موقع پرمارکیٹ ایسوسی ایشن کے اراکین اور عوام نے چیئرمین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کاپُر تپاک استقبال اور شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے دُکانداروں اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے جماعت اسلامی کے نمائندوں کو منتخب کرکے ہم پر بھروسہ کیا ہے اور انشاء اللہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل کو جلد از جلد حل کریں،دستیاب وسائل کی مدد سے ہم ہر دن عوام کے مسائل کو حل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پُلیہ کافی عرصہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی جس سے عوام اور دُکان دار پریشان تھے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندے عوام کے درمیان رہتے ہیں اور اُن کی پریشانی سے باخوبی واقف ہیں اور الحمد اللہ عوام کے مسائل کو روز انہ کی بنیاد پر حل کررہے ہیں۔عوام کو صحت مند اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کے لئے الحمد اللہ اب سے کچھ دن قبل نیو کراچی ٹاؤن کے پانچ پارکوں کو تزین و آرائش کے بعد عوام کے حوالے کردیا گیا ہے،جبکہ سفری سہولیات کے لئے ابھی سیکٹر الیون ای میں روڈ کارپیٹنگ جاری ہے اور انشاء اللہ کل سیکٹر الیون ایف اور پرسوں سیکٹر الیون ڈی میں سڑک کی تعمیر ممکن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یوپی موڑ سے ڈسکو موڑ تک شاہراہ بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور سینٹرل بیلٹ پر جگہ جگہ کٹ بن گئے تھے جو حادثات کا سبب بن رہے تھے الحمد اللہ ہم نے کرب اسٹون لگاکر ان کٹ کو بند کردیا ہے اورمقررہ کٹ کو کھول دیئے گئے ہیں، جلد ہی سڑک کی استر کاری کا کام شروع ہوگا جس سے عوام کو سہولت میئسر آئے گی،انشاء اللہ ہر آنے والا دن،روز بروز لوگوں کے لئے بلدیاتی سہولیات کا باعث بنے گااور نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
