کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن مورڑو میر بحر کے زیرِ اہتمام سر زمینِ انبیاء(فلسطین) کے مسلمانوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم اور بربریت کیخلاف اظہارِ یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں چیئرمین مورڑو میر بحرٹاؤن علی اکبر،ٹاون میونسپل کمشنر الہی بخش سیال اور اراکین کونسل کے ہمراہ ٹی ایم سی مورڑو میر بحر ٹاؤن کے افسران وملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا مظاہرہ فلسطینی عوام سے یکجہتی کیلئے کیا جا رہا ہے جس سے پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانیوں کے دل فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان پر ہونے والے ظلم و بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، فلسطین کے مسلمانوں پر گزشتہ ایک سال سے ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی ہے اس انسانیت سوز درندگی کا شکارنا صرف وہاں کے نہتے نوجوان بلکہ بزرگ خواتین اورمعصوم و شیر خوار بچوں بھی ہورہے ہیں،
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے عوام پر ہر طرح سے زمین تنگ کردی گئی ہے ضرورت زندگی کی تمام سہولیات غذا بجلی پانی ادویات سب سے محروم کردیا گیا ہے معصوم بچے بھوک سے بلک بلک کے شہید ہورہے ہیں،
چیئرمین علی اکبر نے کہا کہ ان تمام مظالم کیخلاف کل امت مسلمہ سراپا احتجاج ہیں فلسطین کے عوام خود کو اکیلا نا سمجھیں ہم سب فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔۔
