ہادی برحق ﷺ نے 15سو سال پہلے بتایا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے:عبدالجمیل خان
کراچی: چئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے وائس چئیرمین محمد عمران ۔ٹی ایم سی لانڈھی محمد ابراہیم عمرانی ڈائریکٹرایجوکیشن مشاہد انور ڈائریکٹر کونسل محمد جاوید۔ lets do it pakistan کے کنٹری ہیڈ عبدالحق بنگلانی کے ہمراہ ورلڈ کلین اپ ڈے کے موقع پر lets do it pakistan کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے پندرہ سو سال پہلے ہادی برحقﷺنے ہمیں آگاہ کردیاتھا کہ بیماریوں سے محفوظ رہ کر صحت مند زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہو تو صفائی کا خیال رکھو بلکہ صفائی اور پاکیزگی کو نصف ایمان قراردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں رستے میں پڑی گندگی ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کوئی گزرنے والا بیزار نہ ہو۔ ’’صفائی نصف ایمان‘‘ کا فلسفہ ہمیں تب ہی سمجھ آسکتا ہے جب ہم اسلام کو مکمل ضابطہ حیات کے طور پر سمجھنے کی کوشش کریں۔ یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ صفائی اور پاکیزگی کا جو تصور محسن کائناتﷺ نے دیا ہے وہ ہم دنیا تک تب ھی متعارف کرا سکتے ہیں جب ہم خود صاف ستھرے ہوں گے اور گھروں، کوچوں اور بازاروں کی صفائی پر نظر رکھیں گے۔
ٹی ایم سی لانڈھی محمد ابراہیم عمرانی نےکہا کہ قدرت کی طرف سے انسان کی جسمانی، روحانی، نفسیاتی اور سماجی نشوونما کیلئے خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ ان مراحل سے گزرتے ہوئے خود انسان پر بھی کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔آج کل پوری دنیا مختلف وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ ڈاکٹرز اور تمام ماہرین طب اس بات پر متفق ہیں کہ ایک صحت مند ماحول میں ہی ایک انسان بہترین پرورش پاسکتا ہے۔۔ گلی محلے سے لیکر اپنے گھروں تک کی صفائی کا خیال رکھنا ہم سب کی دینی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر lets do it pakistan کے کنٹری ہیڈ عبدالحق بنگلانی نےکہا کہ صفائی اور پاکیزگی ہمارے ایمان کا اہم حصہ ہیں‘ ان کے بغیر ہماری کوئی عبادت بھی قبول نہیں ہو سکتی۔ صفائی نصف ایمان ہے بحیثیت مسلمان ہمیں جسم کے ساتھ لباس، جگہ، ماحول اور روح کو بھی پاکیزہ رکھنے کی ہدایت فرمائی گئی ہے صفائی ستھرائی انسان کو بہت سی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے
