
کراچی: جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم غیرملکی طلباوطالبات کے لئے گزشتہ روز ایچ ای جے جامعہ کراچی کے ملٹی پرپزہال میں عیدملن کی تقریب میں منعقد کی گئی۔تقریب میں 40 سے زائدغیرملکی طلباوطالبات جن میں افغانستان، صومالیہ، سوڈان، ایران،کینیا، شام، اُردن، سری لنکا اور زمبابوے کے طلباوطالبات شامل ہیں نے شرکت کی۔
تقریب میں یمن اور ایران کے قونصل جنرل،جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،روئسائے کلیہ جات،فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزرڈاکٹر شمائلہ شفقت،مختلف شعبہ جات کے صدور اور اساتذہ نے بھی شرکت کی اورشیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی کی قیادت میں روئسائے کلیہ جات،صدورشعبہ جات اور اساتذہ نے ایک ساتھ تمام غیر ملکی طلباوطالبات کو عید کی مبارکباد دی۔
اس موقع پر غیرملکی طلباوطالبات کی جانب سے کراچی یونیورسٹی تھیٹراینڈ ڈرامہ سوسائٹی کے زیراہتمام ایک ڈرامہ بھی پیش کیاگیا جس کو شعبہ انگریزی کی طالبہ دعانے تحریر کیا جو اس ڈرامے کی ہدایت کارہ بھی ہیں جبکہ اس کو پرفارم شعبہ انگریزی اور شعبہ جرمیات کے طلبہ نے کیا۔ایران سے تعلق رکھنے والے فارم ڈی سیکنڈایئر کے طالبعلم محمود نے فارسی اشعار پیش کئے جبکہ افہام ہانہ نے تامل میں گاناگایا جس کا شعبہ فارمیسی میں زیر تعلیم ایک اور سری لنکن طالبہ فاطمہ حکمہ نے انگریزی میں ترجمہ کیا۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے غیر ملکی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے گھر سے دوردیاغیر میں آپ بہت اکیلا محسوس کرتے ہیں مگر اس طرح کی تقریبا ت آپکو اس بات کا احساس دلاتی ہیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں اور گھر کی یادیں تازہ ہو جاتی ہیں۔کسی بھی ملک کے طلبہ اس کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اوراس کی ترقی کا انحصار تعلیم اور پڑھی لکھی نوجوان کے لئے بہترمنصوبہ بندی پرہوتاہے۔
اس موقع پر فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت نے حاضر ین کو بتایا کہ 2020 ء سے ہر سال باقاعدگی کے ساتھ غیر ملکی طلباوطالبات کو کراچی کے تاریخی مقامات اور کھانوں کے مراکز کا دورہ کرایاجاتاہے۔
اس موقع پر کراچی میں تعینات ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے جامعہ کراچی اور مختلف ایرانی جامعات کے ساتھ فیکلٹی اور اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام، باہمی تعلیمی سرگرمیوں، دونوں ممالک کی ثقافت اور باہمی دلچسپی کے امور پر،سیمینار،ورکشاپس اوریبینار سیریز شروع کرنے پر دلچسپی ِظاہر کی۔انہوں نے غیر ملکی طلبہ کے لئے عید ملن کی تقریب کے انعقاد کو بیحد سراہا۔
یمن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر مرزااختیار بیگ نے کہا کہ جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے عیدملن کی تقریب کا انعقاد کیاجارہاہے جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے جس پر میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی کا شکرگزارہوں۔
