چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کی سربراہی میں 12 ربیع الاوّل کے موقع پربلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی سربراہی میں 12 ربیع الاوّل کے موقع پربلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد۔اجلاس میں جشن ِعید میلادالنبیؐ کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ذمہ داران،محکمہ بی اینڈ آر،محکمہ باغات،محکمہ سینی ٹیشن،محکمہ ایڈمن و دیگر افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاوّل کی آمد کے ساتھ ہی نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ حرکت میں آگئی تھی۔منتخب بلدیاتی نمائندوں نے جشن ِ ولادت ؐ کے موقع پر عاشقانہ رسول ؐ کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے علماء کرام،مساجد انتظامیہ اور جلوس کمیٹی کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کیں اور علاقوں میں موجود مسائل سے آگاہی حاصل کرکے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں۔متعلقہ محکموں نے شب و روز کام کرکے ان مسائل کو حل کیا ہے تاکہ جشن ولاد ت ِ رسول ؐ کے موقع پر اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا کہنا تھا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں 12 ربیع الاوّل کے موقع پر گلی گلی سے عاشقانے رسول ؐ کی جانب سے جلوس اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں ان جلوسوں کی گزر گاہوں پر سیوریج کے مسائل کے ساتھ تجاوزات کی بھرمار تھی اورسڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں۔محکمہ انسداد تجاوزات نے ان تجاوزات کو ختم کیا جبکہ سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہم نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ذمہ داروں سے رابطہ کیا،واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تعاون سے ہنگامی بنیادوں پر سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی سیوریج لائنوں کو ڈالا گیا ہے۔عاشقانہ رسول ؐ کو جشن ولادت ؐ کے موقع پر بلدیاتی سہولیات بلا تعطل جاری رہیں گیجس کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جشن عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے مرکزی شاہراہوں پراسقبالیہ کیمپس لگائے جائیں گے جہاں عاشقانہ رسول ؐ کے لئے ٹھنڈے پانی اور مشروبات کا انتظام کیا جائے گا۔
