مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین،عزاداری کی انجمنوں،جلوس،مجالس کمیٹیوں کے نمائندوں نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر صحت وصفائی وروشنی کے بہترین انتظامات کرنے پر چیئرمین منصور احمد شیخ، وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا اور میونسپل کمشنر نورحسن جوکھیو،رینجرز، پولیس اور اسکاؤٹس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
کراچی: صدر ٹاؤن کے وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا نے کہا ہے کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور انکے اہل وعیال ورفقاء نے کربلامیں دین اسلام کی حرمت پر قربان ہوکرقیامت تک کیلئے اسے حیات جاوداں بخش دی واقعہ کربلاہمارے لئے ایک ایسا درس ہے جو ہمیں دین اسلام کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردینے کا حوصلہ وقوت فراہم کرتاہے لہٰذا ہمیں اپنی زندگیوں میں بھی ایسے ہی ایثاروجذبہ قربانی کا مظاہرہ کرناچاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر صدر نورحسن جوکھیو کے ہمراہ چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر نکلنے والے مرکزی جلوس میں شرکت کے موقع پر کیا
چہلم کے مرکزی جلوس میں شریک معروف عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی سے ٹاؤن وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا اور میونسپل کمشنر صدر نورحسن جوکھیو نے ملاقات کی
اس موقع پر علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے چہلم امام عالی مقام کے موقع پر صدرٹاؤن انتظامیہ کیجانب سے عزاداران امام حسینؓ کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے کئے گئے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا
میونسپل کمشنر نورحسن جوکھیو کا کہنا تھا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کا 90فیصدگذر صدر ٹاؤن کی حدودسے ہوتا ہے جس کے باعث انتظامات کے حوالے سے ہم پر بہت زیادہ دباؤ ہوتا ہے
میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو کا کہنا تھا کہ ٹاؤن چیئرمین منصور احمد شیخ کی خصوصی ہدایت پر انتظامیہ نے شب وروز کی بھرپور محنت سے عزادارا ن حضرت امام حسینؓ کو بلدیاتی امور سے متعلق تمام سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا اس ضمن میں امام بارگاہوں اور جلوس کی گذرگاہوں سے قابل اعتراض پوسٹرزاوراشتعال انگیز نعروں کو مٹانے، استرکاری وپیچ ورک کے کام، ٹھیلے پتھارے اور دیگر تجاوزات کے خاتمے اور مرکزی جلوس کی گذرگاہوں پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کیلئے رکاوٹ بننے والی درختوں کی شاخوں کی چھٹائی و صفائی ستھرائی کا کام پہلے ہی مکمل کرلیاگیا تھا
میونسپل کمشنر نور حسن جوکھیو کا کہنا تھا کہ صحت وصفائی،سیوریج وروشنی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے اس کے علاوہ جلوس کیلئے کئے گئے انتظامات کی نگرانی کیلئے صدرٹاؤن کے مرکزی دفترمیں قائم ایمرجنسی کنٹرول روم مسلسل اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف رہا۔
دریں اثناء مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین،عزاداری کی انجمنوں،جلوس،مجالس کمیٹیوں کے نمائندوں نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر صحت وصفائی وروشنی کے بہترین انتظامات کرنے پر چیئرمین منصور احمد شیخ، وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا اور میونسپل کمشنر نورحسن جوکھیو،رینجرز، پولیس اور اسکاؤٹس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
